توہین الیکشن کمیشن کیس،عمران خان کو جواب جمع کرانےکیلئے ایک ہفتے کی مہلت

31 اگست ، 2022

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )الیکشن کمیشن نے توہین کے کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کاوقت دے دیا۔تفصیلات کے مطابق ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے عمران خان کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل علی بخاری پیش ہوئے اور استدعا کی کہ جواب جمع کرانے کیلئے وقت دیں۔وکیل علی بخاری نے کہا کہ الزامات کی کاپی ابھی فراہم نہیں کی گئی، مجھے فون پر اس کیس کے بارے میں بتایا گیا، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ 19 اگست کو نوٹس گیا، آج 30 اگست ہے، توہین عدالت کیس میں کیا جواب جمع کرانا ہے؟، آپ کو شوکاز نوٹس کر کے تاریخ دے دیتے ہیں۔وکیل نے کہاکہ آج میں پاور آف اٹارنی جمع کرا دیتا ہوں، ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ آپ کو وضاحت کا پورا موقع دیں گے۔علی بخاری نے کہا کہ آج تک کسی وکیل نے انڈر ٹیکنگ نہیں دی، وکیل اپنے مکل کی نمائندگی کرتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا کہ آج آپ آئے کل کوئی اور وکیل آکر مزید وقت مانگے گا۔ وکیل پی ٹی آئی فیصل چوہدری نے کہا کہ آپ کے نوٹس پر جواب دینے مہلت دی جائے،سندھ ہائیکورٹ اور پنڈی بنچ نے کمیشن کو فائنل آرڈر پاس کرنے سے روک دیا ہے اگر اپ نے سماعت کا موقع نہیں دیا تو فئیر ٹرائل کیسے ہو گا، فئیر ٹرائل ہماراحق ہے اگر جواب جمع کرانے کی اجازت نہ دی جائے تو یہ فئیر ٹرائل نہیں ہو سکتا ،میرے جواب پر نوٹس ڈسچارج ہو جائے گا،ممبر کمیشن نے کہا کہ بالکل فئیر ٹرائل ہو گا جو ہو گا قانون کے مطابق ہو گا ۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل علی بخاری کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔