سیلاب کے معیشت پر بھی اثرات ہونگے، عالمی برادری مدد کرے، شہباز شریف

31 اگست ، 2022

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے، ریلیف اور ریسکیو کیلئے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب کے معیشت پربھی اثرات ہونگے،عالمی برادری مددکرے،سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک، ادویات، پانی اور دیگر اشیاء کی فوری ضرورت ہے، حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے، ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، لوگوں کے گھر اور کھڑی فصلیں بہہ گئی ہیں، 3500 کلومیٹر سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو گیا ہے، حکومت ریلیف اور ریسکیو کیلئے محدود وسائل کے باوجود بھرپور اقدامات کر رہی ہے، متاثرین کی مدد کیلئے جمع شدہ رقم کی پائی پائی شفافیت سے خرچ ہو گی، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک اقدامات جاری رکھیں گے۔ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو 2010ء میں بھی سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم حالیہ سیلاب ملکی تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے،، 2010ء کے سیلاب میں عالمی برادری کی طرف سے بھرپور مدد کی گئی، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے دوروں سے سیلاب کی تباہی کا اندازہ ہوا، یہ تباہی موسمیاتی تبدیلیوں کا خطرناک نتیجہ ہے جس سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے، سیلاب سے متاثرہ افراد کو خوراک، پانی اور دیگر اشیاء کی فوری ضرورت ہے، وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں، این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور مسلح افواج سیلاب سے متاثرہ افراد کی بھرپور مدد کر رہے ہیں، سیلاب کے باعث گھمبیر صورتحال کے معیشت پر بھی اثرات مرتب ہوں گے، دریں اثنا ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے 160 ملین ڈالر کی فوری اپیل پر اقوام متحدہ کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے مشکل حالات کو بہترین انداز میں بیان کیا ہے، دنیا کو اب اس پر عمل کرنا چاہئے۔ایک اورٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اپنے وعدے کے مطابق پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے انسانی امداد کی مہم کی قیادت کر رہے ہیں۔ اب تک 6 پروازیں امداد لے کر پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ آج مزید 2 پروازیں پہنچیں گی، اس کے علاوہ امدادی سامان لے جانے والی ٹرین بھی انقرہ سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئی ہے ۔دریں اثنا شہبازشریف سے یورپین کونسل کے صدر مشیل نےٹیلی فون پر رابطہ کرکے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یورپی یونین کے صدر کا اظہارِ ہمدردی اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کیلئے یورپی یونین کی جانب سے 2.15 ملین یورو کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔