عمران ،شوکت ترین ،محسن لغاری، تیمور جھگڑا کیخلاف غداری مقدمہ کیلئے درخواست

31 اگست ، 2022

اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار ) پاکستان کیخلاف سازش کے الزام میں عمران خان ،شوکت ترین ،محسن لغاری اور تیمور جھگڑا کیخلاف تھانہ کوہسار میں غداری کا مقدمہ درج کر نے کیلئے درخواست دے دی گئی ہے ،جس پر پولیس لیگل برانچ سے مشاورت کر رہی ہے ، پولیس کو امن ترقی پارٹی کےچیئرمین فائق شاه نے درخواست دی کہ29 اگست کو اپنے گھر پرموجودتھا کہ ٹویٹر پر صحافی حامد میر کی شئیر کردہ دو ویڈیو دیکھی جن میں شوکت ترین پہلے صوبائی وزیرخزانہ پنجاب محسن لغاری اور بعد میں وزیرخزانہ خیبر پختونخوا تیمور جھگڑا کو آئی ایم ایف پیکیج میں رکاوٹ بننے پراکسار ہے ہیں ۔ ویڈیو میں شوکت ترین واضح طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ جس طرح حکومت نے پی ٹی آئی پر دہشتگری کے مقدمات بنائے اب آئی ایم ایف کے بیچ رکاوٹ بن کر حکومت پر پریشر ڈالا جائے، شوکت ترین صوبائی وزیر خزانہ کو ہدایات دیتے ہوئے واضح کہہ رہے ہیں کہ یہ ہمارا فیصلہ ہے جس سے یہ بات عیاں ہے کہ شوکت ترین یہ کام چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مشاورت سے کر رہے ہیں ۔شوکت ترین اس بات کا اعتراف جاوید چوہدری کے پروگرام کل تک ایکسپریس ٹی وی پر بھی کر چکے ہیں ۔یہ بیانیہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں پوری پارٹی کا ہے جس سے واضح ہے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت پی ٹی آئی پاکستان کی بقاء سالمیت اور ساکھ کو متاثر کر رہی ہے اور ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بغاوت کر رہی ہے ۔ پاکستان پچھلے کئی سالوں سے شدید معاشی بحران کا شکار ہے اور کئی سیاسی رہنما بشمول عمران خان اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ پاکستان سری لنکا کی طرح دیوالیہ ہونے کی نہج پر ہے۔ عمران خان ،شوکت ترین، محسن لغاری اور تیمور جھگڑا با قاعدہ پلاننگ کے تحت پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچارہے ہیں اور دشمن ممالک اور بیرونی طاقتوں کا آلہ کار بنتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ ملزمان کے محرکات بغاوت وسنگین غداری کے زمرے میں آتے ہیں جو ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچارہے ہیں اور ملک توڑنے کے درپے ہیں ۔ ویڈیوز صحافی انصارعباسی نجم سیٹھی ، وسیم عباسی ، کامران خان سلیم صافی ، اسد علی طوراور طلعت حسین شئیر کر چکے ہیں۔