دنیا سیلاب زدہ پاکستان کی مدد کرے، بدترین صورتحال سامنے آنا ابھی باقی ، اگلے کئی مہینے مشکل ترین ہوں گے، امریکی محکمہ خارجہ

22 ستمبر ، 2022

واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے والے سینئر امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ دنیا کو اس وقت پاکستان کی امداد کیلئے قدم بڑھانے اور مشکل کی اس گھڑی میں اس کا ساتھ دینے کی کی ضرورت ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے کونسلر ڈیرک شولے نے کہا کہ ایسی تباہی ہے جس کو سمجھنا بہت مشکل اور پریشان کن ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ بدترین صورتحال سامنے آنا ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور لاکھوں لوگوں کا بے گھر ہونا ایسا بحران ہے جس کا پاکستان کو بہت جلد سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جلد سامنے والا یہ بحران لوگوں کے کافی عرصے تک پانی میں گھرے رہنے کے باعث پاکستان کے لیے درمیانی سے طویل مدت تک درپیش رہنے والا بحران بھی ہے۔ڈیرک شولے نے کہا کہ یہ بحران فصلوں کو تباہ کرنے والا ہے، اس کے دوران بیماریاں اور دیگر طبی مسائل پیدا ہوں گے جن سے نمٹنے کے لیے طویل مدتی صحت سے متعلق دیکھ بھال کی ضرورت ہوگی، یہ واضح ہے کہ سیلاب کے باعث پاکستان میں اہم فصلیں بڑے پیمانے پر تباہ ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کو تقریبا 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی اور امدادی سامان سے بھرا فوجی طیارہ بھی بھیجا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ امداد وہ چیز ہے جس پر ہمیں بطور ایک دنیا کے توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اس مایوس کن وقت میں پاکستان کی مدد کی جا سکے۔اس سوال پر کیا وہ عالمی برادری کے رد عمل سے مطمئن ہیں،ڈیرک شولے نے کہا کہ آنے والے کئی مہینے پاکستان میں بہت سے لوگوں کے لیے بہت مشکل ہونے والے ہیں، انہیں اپنی زندگی ، اپنے گھر بار کو بحال کرنے کی کوشش کرنی ہے، اس تمام صورتحال میں دنیا کو پاکستان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ضرورت ہے۔بدقسمتی سے یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا انسانی بحران ہے، پاکستان نے حالیہ برسوں میں بڑی انسانی تباہی کا سامنا کیا ہے، امریکا سمیت تمام ممالک اس قسم کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، ہمارے ملک نے بھی کئی تباہ کن سیلابوں یا جنگلات میں لگنے والی آگ کے واقعات کا سامنا کیا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں ہونے والے نقصان اور تباہی کا پیمانہ اور دائرہ کچھ اتنا وسیع اور بڑا ہے کہ ہم سب کو آنے والے کئی مہینوں تک آگے بڑھ کر مدد کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے دوران امریکا عالمی برادری کو پاکستان کی مدد جاری رکھنے پر راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سیلاب کی صورتحال پر توجہ مرکوز رکھیں گے اور پاکستان میں اپنے دوستوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔