امریکہ نے پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کیلئے ورکنگ کا آغازکردیا

22 ستمبر ، 2022

کراچی (رپورٹ جاوید رشید) امریکہ کی عالمی سطح پر اسرائیل کو بڑی حیثیت میں سامنے لانے کی منصوبہ بندی پر امریکن سی آئی اے نے ورکنگ شروع کر دی ہے۔ امریکہ کی کوششوں اورسی آئی اے کی برسوںمحنت کے بعد کئی عرب ممالک نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے بقیہ عرب ممالک سےبھی مزید تعلقات پر ورکنگ ہو رہی ہے۔ امریکن ذمہ داروں نے بیک ڈور چینل سے پاکستان اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات اوردیگر امورکے لئے تعلقات پر بھی بھرپور انداز میں ورکنگ کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات کے لئے امریکہ کئی برسوں سے کام کر رہا تھا اب اسے امید ہو چلی ہے کہ پاکستان اور اسرائیل کے مراسم میں گرم جوشی آنے والی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ اسرائیل نے اس حوالے سے ابھی کچھ نہیںکہا لیکن بتایا جا رہا ہے کہ اسرائیل اب پاکستان کے حوالے سےخاصا مطمین نظر آرہا ہے۔ ادھر امریکہ میں اسرائیلی بزنس کمیونٹی کے امریکی نژاد پاکستانیوں کی ملاقاتوں کی ابتدا ہو چکی ہے، کہا جا رہا ہے بہت جلد اسرائیل اور پاکستان کے حوالے سے امریکہ میں کسی بڑے پروگرام کی شروعات ہونے جارہی ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ بھارت اس حوالے سے بڑا خوش نظرآرہا ہے کہ اگر پاکستان اوراسرائیل کے سفارتی تجارتی اوردیگرامور کے حوالے سے تعلقات ہو جاتے ہیں تو بھارت کا کام ہر سطح پر آسان ہو جائے گا۔ اسرائیل اس حوالے سے بھارت کا طرف دار تو پہلے ہی ہے آنے والے دنوں میں سعودی عرب اور پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات کی خبریں منظرعام پر ہوںگی۔