دعا ہے کشمیر میں منصفانہ فضا ، مستقل امن اور خوشحالی قائم ہو: طیب اردوان

22 ستمبر ، 2022

نیویارک(صباح نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اٹھا تے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تاحال امن قائم نہیں ہو سکا ہے۔بھارتی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں عالمی رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے اپنی خود مختاری اور آزادی کے 75سال مکمل ہونے کے باوجود اب تک ایک دوسرے کے درمیان امن اور یکجہتی قائم نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے، ہم امید اور دعا کرتے ہیں کہ کشمیر میں منصفانہ فضاء، مستقل امن اور خوشحالی قائم ہو۔ترک صدر نے عالمی برادری پر اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں سیلاب زدگانکی مدد کرے۔بھارتی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کشمیر پر بات کی ہے، اس سے قبل 2020 میں پاکستان کی پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کا موازنہ پہلی جنگ عظیم کے دوران غیر ملکی تسلط کے خلاف ترک عوام کی جدوجہد سے کیا تھا۔ترک صدر کے اس تبصرے کے بعد بھارت کی جانب سے ان پر تنقید کی گئی تھی اور ان سے کہا گیا تھا کہ وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔