روس کا 20 لاکھ فوجیوں کو متتحرک ہونے کا حکم ، مغرب سے نمٹنے کا انتباہ

22 ستمبر ، 2022

کیف (اے پی پی) روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے دوسری جنگ عظیم کے بعد20 لاکھ روسی فوجیوں کو پہلی بار متحرک ہونے کا حکم دے دیا۔روس کے صدر پیوٹن نے بدھ کو ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب میں مغرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغرب نے ہمارے ساتھ جوہری بلیک میلنگ جاری رکھی تو ماسکو اپنے تمام وسیع ہتھیاروں سے اس بلیک میلنگ کا جواب دے گا اور ساتھ ہی انہوں نے روسی افواج کو تیار رہنے کا حکم دیا۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اگر ہمارے ملک کی علاقائی سالمیت کو خطرہ لاحق ہوا تو ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کریں گے اور یہ کوئی جھوٹ یا محض دھمکی نہیں ہے،روس کے پاس جواب دینے کے لیے بہت ہتھیار ہیں ۔انہوں نے دعوی کیا کہ مغرب یوکرین میں امن نہیں چاہتا ،20 لاکھ روسی فوج کی جزوی تحریک روس اور اس کی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہے ۔ دریں اثناء روس کے وزیر دفاع نے کہا کہ اس پیش قدمی کے لئے جزوی موبلائزیشن کے لیے 3 لاکھ تجربہ کار سابقہ ​​فوجی کو بلایا جائے گا ۔دوسری طرف بر طانوی وزیر برائے خارجہ امور گیلین کیگن نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیو ٹن کی تقریر تشویشناک ہے اور اس میں جو دھمکیاں دی گئیں ان کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا پیو ٹن کے ان تبصروں کے بعد روسی کرنسی روبل گر گئی اور تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ جنگ پہلے ہی دنیا بھر میں ایندھن اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بن چکی ہے۔