سندھ: جیکب آباد میں ملیریا اور گیسٹرو سے خاتون سمیت 5افراد جاں بحق

22 ستمبر ، 2022

جیکب آباد(اے پی پی)جیکب آباد میں ملیریا کی وباء نے تباہی مچادی، بچی اور خاتون سمیت 4افراد جاں بحق، گیسٹرو نے بھی ایک شخص کی جان لے لی۔مطابق جیکب آباد میں ملیریا کی وباء نے تباہی مچائی ہوئی ہے، سینکڑوں بچے، بوڑھے و خواتین ملیریا میں مبتلا ہوچکے ہیں جبکہ ایک معصوم بچی اور خاتون سمیت 4افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔تحصیل ٹھل کے بائے پاس پر قائم ریلیف کیمپ میں 45سالہ خاتون مورکی جعفری اور نوجوان منیر احمد سہندڑو ملیریا میں مبتلاہو کر فوت ہوچکے ہیں جبکہ ٹھل کے نواحی گاؤں غلام نبی نوناری میں 4سالہ بچی ثمینہ نوناری اور ٹھل شہر کے قریشی محلہ میں 50 سالہ انیس الرحمٰن قریشی بھی ملیریا میں مبتلاہوکر فوت ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں تحصیل گڑہی خیرو کے نواحی گاؤں فلن خان میرجت کا رہائشی بگن میر جت گیسٹرو میں مبتلاہوکر فوت ہوچکا ہے۔ جیکب آباد ضلع میں ملیریا اور گیسٹرو کی وباء نے تباہی مچائی ہوئی ہے اور گذشتہ ایک ماہ کے دوران 100سے زیادہ افراد ملیریا اور گیسٹرو کے باعث فوت ہوچکے ہیں۔