سندھ میں آٹے کی نئی قیمتیں ،10کلو کا تھیلا 650روپے کا فروخت کیا جا ئیگا

22 ستمبر ، 2022

کراچی(این این آئی) سندھ حکومت نے آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا، سندھ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا ریٹیل قیمت پر 650 روپے کا فروخت کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق وفاق سے گندم کی قیمت کے معاملے میں اختلاف کے بعد سندھ حکومت نے آٹے کی قیمت مقرر کردی ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے آٹے کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 10 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی ایکس مل پرائس 640 روپے مقرر کی ہے جب کہ فی کلو آٹے کی ایکس مل پرائس 64 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب ٹریڈنگ کارپوریشن نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کردیا ہے، ٹی سی پی حکام نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل سپلائرز سے 26 ستمبر تک بولیاں طلب کرلی گئی ہیں جو 26 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔ گزشتہ ٹینڈر میں ٹی سی پی نے ڈیڑھ لاکھ گندم درآمد کی تھی اور گزشتہ گندم 407 ڈالر فی ٹن کے حساب سے خریدی گئی تھی۔ ٹی سی پی سے گندم پاسکو اٹھا رہا ہے، وفاقی حکومت گندم کی کمی اور سٹریٹجک ذخائر کیلیے گندم درآمد کررہی ہے۔