پاک فضائیہ کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف کارروائیاں جاری

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد(اے پی پی)پاک فضائیہ کی جانب سے خیبر پختونخواہ، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں، فضائیہ کے اہلکار سیلاب زدگان کی بہبود، خوراک، رہائش، پینے کے پانی، طبی امداد اور بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس فوری طور پر سیلاب متاثرین میں پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی شنا خت اور تشخیص کر رہے ہیں جس کے بعد انہیں مفت طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ نے 18458 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ ، 1512 پانی کی بوتلیں اور 2070 راشن پیکٹس ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کیے۔ مزید برآں، مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ، فیلڈ ہسپتالوں میں تعینات پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 1699 مریضوں کا مفت علاج بھی کیا۔پاک فضائیہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں سیلاب متاثرہ علاقوں میں دن رات کام کررہی ہیں۔