افغانستان،بگرام ائرفیلڈ کی تزئین و آرائش، مرمت کے کام کا آغاز

22 ستمبر ، 2022

کابل (اے پی پی)افغانستان کی حکومت نے فوجی ہوائی اڈے کو آپریشنل بنانے کے لیے تزئین و آرائش اور مرمت کا کام شروع کر دیا ہے جو سابق امریکی فوجی اڈہ تھا۔ افغان وزارت دفاع کی ہدایات پر انجینئرنگ ٹیم نے بگرام ہوائی اڈے کی تعمیر نو، تزئین و آرائش اور مرمت کا کام بدھ سے شروع کیا تاکہ اسے دوبارہ فعال کیا جا سکے۔دارالحکومت کابل سے 50 کلومیٹر شمال میں پروان صوبہ کے شہر بگرام میں واقع ہوائی اڈے نے اگست 2021 کے آخر تک یعنی20 سال تک امریکی زیر قیادت افواج کے اہم فوجی اڈے کے طور پر استعمال کیا گیا۔ وزارت دفاع کے مطابق امریکی فوجیوں نے گزشتہ سال 30 اگست کو جنگ زدہ ملک کو خالی کرنے سے پہلے ہوائی اڈے پر موجود تمام تنصیبات کو تباہ کر دیا تھا۔ وزارت نے کہا کہ انجینئرنگ ٹیم اپنے محدود وسائل کے باوجودبگرام ہوائی اڈے کی جلد از جلد مرمت اور اسے دوبارہ فعال کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔