کینیڈا سیلاب زدگان کیلئے 30ملین ڈالرز دیگا، رکن پارلیمنٹ

22 ستمبر ، 2022

ٹورنٹو(این این آئی )پاکستانی نژاد کینیڈین رکن پارلیمنٹ اقرا خالد نے کہا ہے کہ کینیڈین حکومت مصیبت میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لئے تیس ملین ڈالرز دے گی۔ اقرا خالد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ اقرا خالد پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثرین سے ملاقات کے لئے کینیڈا کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ منسٹر اور دیگر دو اراکین پارلیمنٹ شفقت علی اور سلمی زاہد کے ساتھ پاکستان آئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقرا خالد کا تعلق یوں تو بہاولپور سے ہے، لیکن بچپن میں والدین کے ساتھ کینیڈا منتقل ہو گئیں۔ انکا تعلق کینیڈا کی لبرل پارٹی سے ہے اور وہ تیسری بار کینیڈین پارلیمنٹ کی رکن بنی ہیں۔اقرا خالد نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے کینیڈا میں موجود پاکستانی کمیونٹی بے حد تشویش میں مبتلا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینیڈا میں پاکستانی کمیونتی سے وابستہ افراد نے انہیں کالیں کیں۔ انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں اس مسئلے کو اٹھایا اور عطیات اکٹھے کئے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں موجود ہر پاکستانی پریشان ہے اور انہیں کہتا ہے کہ کینیڈا کو پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے کچھ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین حکومت مصیبت میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لئے تیس ملین ڈالرز دے گی۔ اس امداد میں سے 11 فیصد ایمرجنسی ریلیف کوششوں کے لئے استعمال ہونگے اور 14 فیصد بحالی کی مد میں دئیے جا رہے ہیں۔