طاہر اشرفی کو عہدے سے ہٹانے پر فوری حکم امتناع کی استدعا مسترد

22 ستمبر ، 2022

لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے طاہر اشرفی کی چیئرمین متحدہ علما بورڈ کے عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے فوری حکمِ امتناعی جاری کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے معاملے پر پنجاب حکومت سے 1 ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔ دورانِ سماعت درخواست گزار ڈاکٹر طاہر اشرفی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں چیئرمین علما بورڈ کو مدت مکمل ہونے تک ہٹانے کی گنجائش نہیں۔انہوں نے بتایا کہ نئی تقرری کے نوٹیفکیشن میں بھی نہیں لکھا کہ کس قانون کے تحت یہ تبدیلی کی گئی ہے۔عدالتِ عالیہ نے ہدایت کی کہ پنجاب حکومت کے وکیل آئندہ ہفتے تک بتائیں کہ کس قانون کے تحت یہ تقرری کی جاتی ہے۔طاہر اشرفی کی جانب سے درخواست میں پنجاب حکومت، چیف سیکریٹری، محکمہ اوقاف اور حامد رضا کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں طاہراشرفی نے موقف اختیار کیا ہے کہ مجھے 31 مارچ 2022 کو دوبارہ 3 برس کے لیے چیئرمین متحدہ علما بورڈ پنجاب تعینات کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو متحدہ علما بورڈ پنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ صاحبزادہ حامد رضا کو تعینات کیا گیا ہے۔