پاکستانی کرکٹرز کے ہوٹل سے نکلنے، باہر سے کھانا منگوانے پر پابندی

22 ستمبر ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں جہاں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹھہری ہوئی ہیں وہاں انگلش کرکٹرز گھومتے پھرتے اور ہوٹل میں موجود سہولتوں کا مزہ لیتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم پاکستانی کھلاڑیوں کو پیشگی اجازت کے بغیر ہوٹل سے باہر جانے کی اجازت پر پابندی ہے۔ وہ باہر سے کھانا آڈر نہیں کرسکتے، تمام کھلاڑیوں کو ہوٹل میں دستیاب کھانا کھانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سیکورٹی پروٹوکول کے مطابق کھلاڑیوں کو باہر جانے کے لیے بھی ایک روز پہلے بتانا ہوگا تاہم کووڈ پروٹوکول ختم ہونے کے باوجود کھلاڑی ہوٹل تک ہی محدود ہیں۔کھلاڑیوں نے انتظامیہ سے کئی بار باہر جانے کی خواہش کا اظہار کیا لیکن سیکورٹی حکام کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔ ٹیموں کو صدارتی سطح کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، قوانین پر سختی سے عمل کرنا ہوگا، اگر کسی کھلاڑی کو باہر جانا ہے تو وہ 24گھنٹے قبل سیکیورٹی کو آگاہ کریں گے اور انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کرکے وہاں لے کر جایا جائے گا۔