راولپنڈی،پشاور،سوات،بنوں، وزیرستان میں پولیو وائرس موجودگی کا انکشاف

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) ملک کے پانچ شہروں کے سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، نیشنل پولیو لیب نے سیوریج میں پولیووائرس کی تصدیق کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور، سوات، راولپنڈی، بنوں اور جنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق سامنے آئی ہے، رواں برس بنوں کے سیوریج میں آٹھویں بار پولیو وائرس پایا گیا ہے، پشاورکے سیوریج میں چوتھی بار ،راولپنڈی اور سوات کے سیوریج کے پانی میں تیسری بار جبکہ جنوبی وزیرستان کے سیوریج میں پہلی بار پولیو وائرس سامنے آیا ہے، ذرائع کے مطابق متاثرہ شہروں سے پولیو ٹیسٹ کیلئے سیمپلز 30 اگست تا 8 ستمبر لئے گئےتھے، رواں برس 27ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو کی تصدیق ہوچکی ہے،کے پی کے 17 ،پنجاب کے8 ،سندھ کے ایک اور اسلام آباد کے ایک سیمپل میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، سیوریج سیمپلز میں موجود پولیو وائرس کی جنیاتی تشخیص جاری ہے، 2021 میں 65 ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس پایا گیا تھا، واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی سے لئے گئے سیوریج کے نمونموں میں بھی پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، پاکستان میں اسوقت مجموعی طور پر 11مقامات پرسیوریج کے پانی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، رواں برس پولیوکیسزکی تعداد 15 ہوچکی ہے ،پولیو وائرس کی روک تھام کیلئےہرماہ سیوریج کےپانی سے نمونے حاصل کئے جاتے ہیں۔