ڈاکٹر نے مشروط طورپر پاکستان سفر کر نیکی اجازت دیدی ، اسحٰق ڈار

22 ستمبر ، 2022

لندن (این این آئی)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کے ڈاکٹر نے مشروط طور پر انہیں برطانیہ سے پاکستان سفر کرنے کی اجازت دیدی ہے، وہ پاکستان واپس آنے کے خواہاں ہیں اور معزز عدالت میں عدالتی سماعت کا حصہ بننے کیلئے تیار ہیں۔ بدھ کو عدالت میں پیش کی جانے والی پٹیشن کی وضاحت کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ وہ 15 دن میں پاکستان آنے کے خواہاں ہیں ،اس لئے معزز احتساب عدالت ان کے وارنٹ گرفتاری کو معطل کرے اور درخواست گزار کو اس مقدمہ میں فیئر ٹرائل کی اجازت دی جائے، نیب کے نوٹسز کو کبھی بھی ارادی اور غیر ارادی طور پر نظر انداز نہیں کیا،انہوں نے کہا کہ ان کا پاسپورٹ 2018میں عمران خان کی حکومت نے منسوخ کر دیا تھا اور تمام سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی گئی کہ نیا پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے، پی ڈی ایم کی حکومت نے حال ہی میں انہیں نیا پاسپورٹ جاری کر دیا ہے جس کی بنیاد پر وہ سفر کر سکتے ہیں ۔