بزدل میں ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور وائے کا نام لے سکے، شرجیل میمن

22 ستمبر ، 2022

کراچی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ جہاں ان کی حکومت ہے وہ پاکستان ہے باقی پاکستان کا حصہ نہیں ، عمران خان کے پاس پاکستان کا جو نقشہ ہے اس میں سندھ اور بلوچستان شامل نہیں، سیلاب متاثرین کے نام پر جھوٹی ٹیلی تھون اور چندا جمع کرنے کی جھوٹی مہم چلائی گئیں ، یہ صرف دکھاوے کے لئے کی گئیں ، بزدل شخص میں اتنی ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کا نام لے سکے ، اس کا پسینہ نکل جاتا ہے، یہ شخص اداروں اور ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔ انہوں کہا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان اور دیگر اداروں کو اپیل کرتے ہیں کہ اس شخص کی حرکتوں کا نوٹس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہی کے باعث ہم بلاول بھٹو کی سالگرہ نہیں منائی اور نہ ہی کسی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں ، سندھ حکومت روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں متاثرین کو دو وقت کا پکا پکایا کھانا فراہم کر رہی ہے ، متاثرین کیلئے 2925 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں ، جن میں 673353 افراد کو منتقل کیا گیا ہے ، متاثرین میں 2 لاکھ 75 ہزار 454 خیمے ، 2 لاکھ 34 ہزار 323 پلاسٹک ترپال ، 22 لاکھ 49 ہزار 675 مچھردانیاں ، 23 ہزار 740 چٹائیاں ، 15 ہزار 430 مویشی مچھر دانیاں ، 7 لاکھ 37 ہزار 572 لٹر پینے کے پانی سمیت دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ 6 لاکھ 88 ہزار 712 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کی صورتحال پورے پاکستان میں خراب ہے ،اس سلسلے میں پورے صوبہ میں 44 وارڈ ڈینگی کے لئے مختص کئے گئے ہیں اور ڈینگی کی مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سندھ بھر میں ڈینگی اور ملیریا کے خاتمے کے لئے اسپرے کئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو ان امراضِ سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈیواٹرنگ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، جیسے پانی نکلے گا تو زمین خشک ہوتی جائے گی اور مچھر بھی کم ہونگے ، جس سے یہ بیماریاں بھی کم ہو جائیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہاں ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں، بہت سے اسکول بند ہیں ، اس سلسلے میں گزشتہ کابینہ اجلاس میں وزیر تعلیم کو پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ پالیسی میں اس بات کو مد نظر رکھا جائے گا کہ بورڈ امتحانات میں ان طالبات کے ساتھ ناانصافی نہ ہو جن کے اسکول بند ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کی جتنی بھی سیاست رہی ہے ، اینٹی سندھ رہی ہے ۔جتنا عرصہ عمران خان اقتدار میں رہے سندھ کی ایک سڑک وفاقی ترقیاتی پروگرام میں نہیں بنائی ۔ اس شخص نے ایک رات سندھ میں نہیں گزاری ۔