شوکت ترین آڈیو لیک معاملہ ، سابق وزیر خزانہ پیش نہیں ہوئے، FIAکا ایک اور نوٹس

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار )آئی ایم ایف سے ڈیل ناکام بنانے کے الزا م میں طلبی کے باوجود سابق وزیر خزانہ شوکت ترین ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی انکوائری کے لیے پیش نہ ہوئے جس پر ایف آئی اے نے دوبارہ نیا نوٹس جاری کرکے شوکت ترین کو آج جمعرات کو دوبارہ طلب کرلیا ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے شوکت ترین اور تیمور جھگڑا کے مابین ٹیلی فونک گفتگو اور وفاقی حکومت و آئی ایم ایف کے مابین مسائل پیدا کرنے کی کوشش کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر بجٹ کی اضافی رقم واپس نہ کرنے کے لیے اکسانے کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے۔شوکت ترین کو ذاتی طور پر بدھ 21 ستمبر صبع دس بجے کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کر رکھا تھا لیکن وہ انکوائری ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوئے بعدازاں انکی جانب سے انکوائری ٹیم کو رابطہ کرکے آگاہ کیا گیا کہ انھیں نوٹس نہیں ملا جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم نے انکے مکمل نام شوکت فیاض احمد ترین و شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ کراچی کے ایڈریس پر طلبی کا نیا نوٹس جاری کردیا۔نوٹس میں انھیں آج جمعرات 22 ستمبر کوصبع 11 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر اسلام آباد پیش ہونے کے لیے کہاگیا ہے اور نوٹس کو باقائدہ ریسیو بھی کرایا گیا ہے۔تازہ نوٹس پر نیشنل سیکورٹی اینڈ تھریٹس کے الزامات کا عنوان بھی تحریر ہے جبکہ تازہ ارسال کیے گئے نوٹس میں بھی کہا گیا ہے کہ آپ کے خلاف انکوائری ارشد محمود کی درخواست پر خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا اور آپ کے مابین فون کال کی بنیاد پر شروع کی گئی ، آپ ذاتی حیثیت میں 22 ستمبر صبح11 بجے ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد میں پیش ہوں تاکہ آپکا بیان قلم بند کیا جاسکے۔