بغاوت کیس؛ شہباز گل کی حاضری معافی کی درخواست منظور

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( آن لائن ) عدالت نے بغاوت کیس میں پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شعیب اختر کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے چالان جمع کروا دیا جبکہ شہباز گل کے وکیل کی جانب سے آج حاضر ی معافی کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظورکرلی۔ سماعت کے دوران شہباز گل کے وکیل علی بخاری ایڈووکیٹ نے عدالت میں درخواست دی کہ شہباز گل کی تمام دستاویزات پولیس قبضے میں ہیں، حوالے کی جائیں، جس پر عدالت نے سامان کی سپرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی رہنما کے ٹرائل کے لیے کیس فائل سیشن جج کو بھیج دی۔ شہباز گل کے خلاف اداروں میں بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں مزید سماعت اب 24 ستمبر کو ہوگی۔