سپریم کورٹ، خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کی نااہلی کیلئے درخواستیں خارج

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( آن لائن ) سپریم کورٹ نے مخدوم خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کی نااہلی کیلئے دائر درخواستیں خارج کردیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار اثاثے چھپانے کے شواہد الیکشن کمیشن میں بھی نہیں دے سکے، صرف نیب کو کی گئی شکایت پر دو اراکین اسمبلی کو نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت کی طرف سے پوچھے گئے سوالات پر مطمئن نہ کرنے پر جسٹس اعجازالحسن نے درخواست گزار کے وکیل احسن عابد کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آپ سے سوال پوچھیں تو آسمان کی طرف کیوں دیکھنے لگ جاتے ہیں؟کیا آپکو سپریم کورٹ میں پیش ہونے کی تمیز ہی نہیں ہے،کیا آپ کے سامنے تین فضول لوگ بیٹھے ہوئے ہیں؟اس طرح کا ردعمل توہین عدالت ہوتا ہے۔جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ جس دستاویز پر آپ انحصار کر رہے ہیں وہ نیب کو درج کرائی گئی شکایت ہے،کیا صرف نیب کو کی گئی شکایت پر دو اراکین اسمبلی نااہل کردیں؟ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا مناسب ہوگا درخواست واپس لے لیں۔