متاثرین سیلاب کیلئے سعودی عرب اور روس سے امدادی سامان کی پروازیں پاکستان پہنچ گئیں

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( وقائع نگار )سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے سعودی عرب سے ایک پرواز امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئی ۔ سعودی امدادی پرواز بدھ کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔ دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان لانے والی یہ تیسری پرواز ہے۔ جبکہ روس سےبھی امدادی سامان کی پہلی پروازجناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچ گئی ۔ امدادی سامان میں کھانے پینے کی اشیاء، خیمے اور پانی کی صفائی کے آلات شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان کراچی میں روسی قونصل جنرل فیڈروف اینڈری، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے ریلیف اور بحالی رسول بخش چانڈیو، این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندوں نے وصول کیا۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک مختلف ملکوں سے 119 پروازیں متاثرین کے لئے امدادی سامان لیکر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ امدادی پروازوں کے علاوہ ترکیہ سے دو ٹرکوں اور دو ریل گاڑیوں ، تاجکستان سے 87 ٹرکوں اور عمان سے ایک شپ کے ذریعے بھی امدادی سامان پاکستان پہنچ چکا ہے ۔