سندھ ہائیکورٹ،فیول ایڈجسٹمنٹ،نیپرا سے 3 روز میں جواب طلب

22 ستمبر ، 2022

کراچی(این این آئی/اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے خلاف دائر درخواست پر نیپرا کو 3 روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 6اکتوبر تک ملتوی کردی۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن عدالت میں پیش ہوئے۔کے الیکٹرک کی جانب سے جواب عدالت میں جمع کرادیا گیا جس میں کہا گیاہے کہ یہ درخواست ناقابل سماعت ہے اور اس کو خارج کیا جائے۔ امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے عدالت کو بتایا کہ یہ عوامی مفاد کا کیس ہے اور اس کی سماعت کی جائے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ہم یہیں رہتے ہیں اور ہمیں عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے،اس حوالے سے قانونی طریقہ کار موجود ہے اوراگراس کے بعد بھی کے الیکٹرک کے اقدامات غیرقانونی پائے گئے تو عوام کو پچھلے مہینوں سے حساب دیں گے۔