ڈاؤ یونیورسٹی کا دوسرا طبی امدادی قافلہ جلد سیلاب زدہ علاقوں میں جائے گا

22 ستمبر ، 2022

کراچی ( نیوز ڈیسک)ندرون سندھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے سیہون میں پناہ گزین افراد میں نظام تنفس کے شدید انفیکشن کے 20فیصد، اسہال کے 30 فیصد، پیچش کے 4فیصد، ایگزیما کے 5 فیصد، داد کے 3 فیصد، خارش کے مریض 15 فیصد ، ملیریا کے مشتبہ 7.5 فیصد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کھجلی کے سرخ نشانات کے 9.8فیصد، کھلے زخم، پھوڑے ،پھنسی خراب ہونے کے 3فیصد ، تیزابیت اور سینے میں جلن کے 16 فیصد ریکارڈ کئے گئے۔تاہم سیہون کے علاقے لال باغ میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم نے جن 1000 افراد کا مکمل طبی معائنہ کیا ان میں مرد، خواتین سمیت بچے بھی شامل تھے، ان میں مار گزیدگی (سانپ کے کاٹنے) کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا. جبکہ ان میں 7.5فیصد خواتین حاملہ ہیں۔