تین سال بعد دنیا کا ہر چوتھا آئی فون بھارت کا بنا ہو گا

22 ستمبر ، 2022

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا کے بڑے مالیاتی کاروباری اداروں میں سے ایک جے پی مورگن کے مطابق آج سے تین سال بعد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا ہر چوتھا آئی فون بھارت میں تیار شدہ ہو گا، جو چین کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی موبائل فون مارکیٹ ہے۔ جے پی مورگن کےمالیاتی تجزیہ کاروں نے بدھ کے روز بتایا کہ ایپل کی کوشش ہے کہ وہ مسلسل بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور کووڈ انیس کی عالمی وبا کے باعث چین میں لاک ڈاؤن کے انتہائی سخت ضابطوں کے پیش نظر اپنی مصنوعات کی پیداوار کا ایک حصہ چین سے باہر منتقل کر دے۔ اس تناظر میں توقع ہے کہ ایپل اپنے مشہور زمانہ آئی فون کے تازہ ترین ماڈل iPhone 14کی مجموعی پیداوار کا تقریباً پانچ فیصد حصہ رواں برس کے آخر تک بھارت منتقل کر دے گا۔