سینیٹ خزانہ کمیٹی ،سرکاری اداروں کی نجکاری کا بل مسترد

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( کامرس رپور ٹر ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے سرکاری اداروں کی نجکاری سے متعلق ( سٹیٹ اون انٹرپرائزز ، گورننس اینڈ آپریشن) بل کثرت رائے سے مسترد کر دیا ، شوکت ترین نے کہا کہ آئی ایم ایف پیکج کے باوجود ڈالر کی قدر کیوں بڑھ رہی،وزیر مملکت خزانہ نے کہا کہ تحقیقات ہورہی ہے،قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی میں بنکوں میں ایل سی کھولنے سے متعلق زیادہ چارجز کے معاملے کوزیر بحث لایا گیا ، سینٹر شوکت ترین نے کہا کہ برآمد کنندگان شنگھائی سے اشیاء کی درآمد کے لیے دبئی کے اکائونٹس سے ادائیگیاں کررہےہیں ، انہوں نے کہا جب ڈالر کاانٹر بنک میں ریٹ 230روپے تھا تو بنک 240روپے میں ایل سی جاری کرر ہے تھے اور بنکوں کا منافع 1400فیصد بڑھ گیا ہے، یوبی ایل اور بنک الحبیب کے حکام نے بتایا کہ ہمیں کروڑوں کا نقصان ہوا، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا کہ معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں ،رپورٹ کمیٹی میں جمع کرائی جائے گی، سینٹر شوکت ترین نے کہا کہ بتایا جائے کہ آئی ایم ایف کے بیل آئوٹ کے باوجود ڈالر کی قدر کیوں بڑھ رہی ہے ۔