میہڑ، سیلاب متاثرین بے یارو مددگار ، اسکولز سے نکلنے سے انکار

22 ستمبر ، 2022

میہڑ (نامہ نگار) میہڑ میں سیلاب متاثرین بے یارو مددگار ہیں ۔ مختلف بیماریوں سے مزید 2؍ افراد انتقال کرگئے ، راشن اور خیمے نہ ملنے کیخلاف متاثرین نے احتجاج کیا جبکہ اسکولوں سے بھی سیلاب متاثرین نے نکلنے سے انکارکردیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز میہڑ میں سیلاب متاثرین کے مزید 2؍ افراد بیماریوں سے لڑتے لڑتے زندگی کی جنگ ہار بیٹھے ۔ میہڑ میں سیلاب متاثرین بے یارو مددگار بیٹھے ہیں ، روڈ راستے اور بندوں پر ہزاروں متاثرین کھلے آسمان تلے اپنے معصوم بچوں اور اہل خانہ کے ساتھ دھوپ کی تپش میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ بدھ کے روز ہلاک ہونے والوں میں گاؤں ہاڑو پہاڑو کا 20؍ سالہ نوجوان عبدالرشید کہوسو ولد پسند کہوسو ڈائریا سے اور بائی پاس میہڑ میں 2سالہ بچہ معراج ولد برکت کہوسو گیسٹرو اور جلدی کی بیماری سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیلاب متاثرین بچے ، عورتیں اور مرد بھی گیسٹرو، بخار ، ملیریا ، جلد سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔