اسلام آباد ہائیکورٹ ،احسن اقبال کیخلاف ناروال،سپورٹس کمپلیکس ریفرنس خارج، بری کرنے کا حکم

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ناروال اسپورٹس سٹی کمپلیکس ریفرنس کو خارج کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو بری کرنے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ 15 مرتبہ پوچھ چکے ہیں کرپشن کہاں ہوئی؟ نامعلوم اخبار کی خبر پر پہلےپروسیڈنگز پھرغلط کیسز بناتے ہیں، پھر دفاع تک نہیں کر پاتے ، قابل افسر احد چیمہ کو بھی 3 سال جیل میں ڈالے رکھا، اتنی بدنامی جو آپ کراتے ہیں، اسکا ذمے دار کون ہے؟ پراجیکٹ رو کنے پر کیس تو نیب کیخلاف بنتا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل دو رکنی بینچ نے احسن اقبال کی بریت کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر عدالت نے نیب تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ اس کیس میں کرپشن کہاں ہوئی؟، آپ کو کیس کب ملا ہے ؟عدالتی استفسار پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ 2018ء میں مجھے یہ کیس ملا تھا، 2019ء میں گرفتار کیا گیا، چیف جسٹس نے نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر نہ ہونیکی وجہ سے کیس کی سماعت ملتوی کرنیکی استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ایک نامعلوم اخبار سے چیئرمین نے اٹھا کر پروسیڈنگ شروع کردیں، عدالت نے نیب حکام سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتا ہے سی ڈی ڈبلیو پی ہوتی کیا ہے؟چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے بغیر معلوم کیے کہ سی ڈی ڈبلیو پی ہوتی کیا ہے ریفرنس دائر کردیا ہے، جس سیکرٹری کو آپ نے وعدہ معاف گواہ بنایا، اسکا بیان دیکھا ہے آپ نے پبلک کا پراجیکٹ روک دیا اسکے اخراجات میں اضافے کا سبب کون بنا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایک قابل افسر احد چیمہ بری ہو گیا، آپ نے 3 سال اس کو جیل میں ڈالے رکھا ۔ یہ جو اتنی بدنامی آپ کراتے ہیں، اسکا ذمے دار کون ہے؟۔نیب نے خود لکھا پہلا نقصان منصوبے کو التوا میں رکھنے سے ہوا۔ آپ اُن کو پکڑتے جنہوں نے 2009 تک منصوبے کو روکا۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ تفتیشی صاحب آپ کو بہت زیادہ تربیت کی ضرور ت ہے۔ آپ لوگوں کی ساکھ کیساتھ اس طرح کھیلتے ہیں۔ آپ سے کوئی 15 بار پوچھ چکے ہیں کرپشن کا بتائیں۔ اسی لیے عدالت نے لکھا ہے کہ بہت سارے فیصلے غلط ہو سکتے ہیں لیکن کرپشن نہیں ہو سکتا آپ غلط کیسز بناتے ہیں تو پھر جب یہ غلط کیسز ڈیکلیئر ہوتے ہیں تو اس کا دفاع بھی نہیں کر سکتے بعدازاں عدالت نے نارووال سپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں احسن اقبال کو بری کرنیکا حکم دیدیا سماعت کے بعد چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے احکامات جاری کیے۔