CCPOلاہور کا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنیکا حکم ماننے سے انکار

22 ستمبر ، 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نےوفاقی حکومت کی جانب سے اپنا عہدہ چھوڑ کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم ماننے سے انکار کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کی ہدایات کے تحت وفاق کے نوٹیفکیشن کے باوجود سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے چارج چھوڑنے سے انکارکیاہےجس کے بعد اس ایشو پر وفاق اور پنجاب میں ٹھن گئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گزشتہ روز پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو عہدے سے ہٹا کر فوری و تاحکمِ ثانی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی تھی ،ذرائع کے مطابق غلام محمود ڈوگر وفاق کے ماتحت افسر ہونے کے ناطے وفاقی حکومت کے حکم سے روگردانی کے متحمل نہیں ہو سکتےلیکن وہ شاید اسلئے ڈٹ گئے ہیں کہ ان کی ریٹائرمنٹ میں صرف سات ماہ رہ گئے ہیں۔ غلام محمود ڈوگر سرکاری ملازمت کی عمر 60 برس مکمل ہونے پر محض 7 ماہ بعد 22 اپریل 2023 کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سی سی پی او نے 7 روز میں چارج نہ چھوڑا تو وفاق انہیں معطل بھی کر سکتا ہے۔