اسلام آباد ،پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک،ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کے پیش نظر وفاقی دارلحکومت کے ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا۔ تین داخلی راستوں نادرا چوک، میریٹ چوک اور پریڈ گرائونڈ گیٹ کو بند کر دیا گیا ہے۔ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے، صرف دفتری امور کیلئے آنے جانے والے سرکاری اور نیم سرکاری افراد کیلئے سرینا چوک اور مارگلہ روڈ کھلا رکھا گیا ہے کنٹینرز کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ گئی ہے جبکہ صوبوں سے نفری طلب کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹیشن کے انتظامات بھی شروع کر دیئے گئے ہیں۔ سرکاری حلقوں میں یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومتوں نے پولیس نفری دینے کی بجائے وفاقی حکومت کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی تو آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے تحریک انصاف کی دونوں حکومتوں کو ختم کر کے گورنر راج کا نفاذ کر دیا جائے گا۔ مظاہرین کے ریڈ زون تک پہنچنے کی صورت میں اسلام آباد کا کنٹرول فوج کو دینے کا آپشن بھی موجود ہے۔