سانگھڑ میں لوگ بڑی سیاسی جماعتوں سے مایوس ہیں، حامدمیر

22 ستمبر ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ کے خصوصی شو میں صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ کی تحصیل سانگھڑمیں سیلاب کے بعد صورتحال کا جائزہ پیش کیا گیا۔ میزبان حامد میر نے کہا کہ تحصیل سانگھڑ میں بہت سی سڑکیں اور دونوں اطراف فصلیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں،سانگھڑ میں لوگ تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے مایوس نظر آتے ہیں،صرف غریب لوگوں کے گھر اور فصلیں ہی نہیں ڈوبیں بلکہ بڑی سیاسی جماعتوں کی ساکھ اور نام بھی ڈوب رہا ہے،متاثرین سیلاب نے کہا کہ ضلع سانگھڑ بچانے اور مال کمانے کیلئے ہمیں زبردستی ڈبویا گیا،میزبان حامد میر نے کہا کہ اس علاقے میں قبرستان بھی پانی میں ڈوب گئے،95فیصد فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ,گلیوں میں پانی کھڑا ہے اور کھمبوں پر پیپلز پارٹی کے کٹے پھٹے پرچم بھی لہرارہے ہیں ، کوئی جماعت بھی متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے نہیں آئی، ہم سانگھڑ کے مختلف علاقوں میں گئے تو لوگوں نے پیپلز پارٹی کے ساتھ شکوے شکایات کیں، وہ لوگ جوا س وقت کراچی، اسلام آباد، پشاور یا کوئٹہ میں بیٹھ کر سمجھتے ہیں کہ ان کے پاس بہت زیادہ سیاسی حمایت ہے تو انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ جس صوبے میں جس جماعت کی حکومت ہے لوگ اس جماعت سے ناراض ہیں ، متاثرین سیلاب کا کہنا تھا کہ ہمیں نہ پینے کا پانی نہ ہی راشن ملا ہے , کسی بھی پارٹی کا کوئی شخص ہماری امداد کیلئے نہیں آیا، حکومت باقاعدگی سے سیم نالے کی صفائی نہیں کرتی جس کی وجہ سے سیلابی پانی ہمارے گھروں میں داخل , ابھی تک خیمے نہیں ملے، راتوں کو چور کشتیوں میں آتے ہیں اور گھروں سے سامان لوٹ کر لے جاتے ہیں ,ہم پانی میں گھرے ہوئے ہیں روزگار کہاں سے کمائیں، گاؤں میں مٹی کی بنی مسجد بھی شہید ہوگئی ہے۔