عمران ذاتی جنگ کو ملکی تباہی میں تبدیل کررہے ہیں،احسن اقبال

22 ستمبر ، 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے طرز سیاست نے چار سال معیشت اور انتظامیہ کو مفلوج رکھا،جو لوگ عمران خان کی فارن فنڈنگ کرتے ہیں وہ انہیں انتشار کا ایجنڈا دیتے ہیں، عمران خان اپنی ذاتی جنگ کو ملک کی تباہی میں تبدیل کررہے ہیں،میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت کیخلاف فیصلہ کن انداز میں سڑکوں پرآنے کا ارادہ کررہے ہیں، عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے، دوسری طرف حکومت بھی پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، احسن اقبال نے کہا کہ میرے کیس کے فیصلے نے عمران خان کے کرپشن کے بیانیے کی حقیقت عوام کے سامنے رکھ دی ,عمران خان نے کرپشن کا جھوٹا بیانیہ بنا کر اپنے حمایتیوں میں ہیجان اور نفرت پیدا کی، کچھ عرصہ پہلے عمران خان کے حمایتیوں نے اسی بیانیہ سے متاثر ہو کر مجھ پر ایک ریسٹورنٹ میں آوازیں کسیں پھر معذرت بھی کی، عمران خان نے جلسوں میں مجھے ڈاکو پکار کر لوگوں کو گمراہ کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان کے طرز سیاست نے چار سال معیشت اور انتظامیہ کو مفلوج رکھا، نارروال منصوبہ انہوں نے چار سال میں بھوت بنگلہ بنادیا،اس منصوبہ کو مکمل کرنے کیلئے کروڑوں روپے اضافی لگیں گے ،ان پیسوں کی ریکوری عمران خان اور نیب سے کریں گے ، عمران خان نفسیاتی مریض بن چکے ہیں ،عمران خان سے کئی بار کہا کہ الیکشن چاہتے ہیں تو خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں توڑ دیں,عمران خان کہتے ہیں کہ نواز شریف آرمی چیف کا فیصلہ کرنے کے اہل نہیں ہیں، آرمی چیف کی تقرری کا فیصلہ نواز شریف نہیں شہباز شریف کریں گے، عمران خان کو نواز شریف کا لگایا ہوا آرمی چیف اتنا پسند تھا کہ اسے تین سال کی توسیع دیدی تھی۔میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان حکومت کیخلاف فیصلہ کن انداز میں سڑکوں پرآنے کا ارادہ کررہے ہیں , عمران خان نے لاہور میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں کہا کہ ایک شیروں کی فوج جس کا سردار گیدڑ ہو وہ سو گیدڑوں کی فوج سے ہار جائے گی جس کا سردار شیر ہو۔ شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنوں کیلئے صوبوں سے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30ہزار اہلکار مانگ لیے ہیں، ایف سی کے 3ہزار اہلکارا سلام آباد پہنچ گئے ہیں تاہم پنجاب اور خیبرپختونخوا نے ابھی تک نفری دینے کا فیصلہ نہیں کیا ہے، اس کے علاوہ شہر میں سیکڑوں کنٹینرز بھی لگائے جائیں گے اور داخلی راستوں پر کنٹینرز کے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی، اضافی آنسو گیس کے شیل اور آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز بھی منگوائے جائیں گے، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی توڑنے پر مشاورت ہورہی ہے، ہوسکتا ہے تحریک انصاف اس آپشن کا استعمال کرلے، ان صوبوں میں ہم پاپولر ہیں اکثریت سے واپس آسکتے ہیں اور پھر قومی اسمبلی کا انتخاب انہی صوبائی اسمبلیوں کے تحت ہوگا۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، خاتون جج کو دھمکیو ں سے متعلق توہین عدالت کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سرکلر جاری کردیا ہے، دوسری طرف لاہور میں وفاقی اور صوبائی حکومتیں آمنے سامنے آگئی ہیں، سی سی پی او لاہور کے تبادلہ پر وفاق اور صوبے میں ٹھن گئی ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ عمران خان ایک بار پھر کرپشن کیخلاف جہاد کا بیانیہ بنارہے ہیں، دوسری طرف ان کے احتساب کے بیانیہ کو ایک کے بعد ایک دھچکا لگ رہا ہے، اعلیٰ عدالتوں میں عمران خان کے دور کے کیسز میرٹ پر ٹک ہی نہیں پارہے ہیں، یہ تاثر مزید مضبوط ہورہا ہے کہ عمران خان کے دور میں سیاسی مخالفین کو دبانے کیلئے بے بنیاد مقدمات کا سہارا لیا گیا لاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ملنے کے بجائے مزید اضافہ بھگتنا پڑرہا ہے۔