بزدل میں ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور وائے کا نام لے سکے، شرجیل میمن

22 ستمبر ، 2022

کراچی ( نمائندہ جنگ)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ جہاں ان کی حکومت ہے وہ پاکستان ہے باقی پاکستان کا حصہ نہیں ،اس کے پاس پاکستان کا جو نقشہ ہے اس میں سندھ اور بلوچستان شامل نہیں ، سیلاب متاثرین کے نام پر جھوٹی ٹیلی تھون اور چندا جمع کرنے کی جھوٹی مہم چلائی گئیں ، یہ صرف دکھاوے کے لئے کی گئیں ، بزدل شخص میں اتنی ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کا نام لے سکے ، اس کا پسینہ نکل جاتا ہے، یہ شخص اداروں اور ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔چیف جسٹس پاکستان اور دیگر اداروں کو اپیل کرتے ہیں کہ اس شخص کی حرکتوں کا نوٹس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسی قسم کے تصادم کے حق میں نہیں ۔ اگر تصادم ہوا تو پی ٹی آئی والے دم دبا کر بھاگیں گے۔ شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں ، سندھ حکومت روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں متاثرین کو دو وقت کا پکا پکایا کھانا فراہم کر رہی ہے ، متاثرین کیلئے 2925 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں ، جن میں 673353 افراد کو منتقل کیا گیا ہے ، متاثرین میں 2 لاکھ 75 ہزار 454 خیمے ، 2 لاکھ 34 ہزار 323 پلاسٹک ترپال ، 22 لاکھ 49 ہزار 675 مچھردانیاں ، 23 ہزار 740 چٹائیاں ، 15 ہزار 430 مویشی مچھر دانیاں ، 7 لاکھ 37 ہزار 572 لٹر پینے کے پانی سمیت دیگر سامان تقسیم کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ 6 لاکھ 88 ہزار 712 خاندانوں میں راشن بیگس تقسیم کئے گئے ہیں ۔جہاں ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں، بہت سے اسکول بند ہیں ، اس سلسلے میں گزشتہ کابینہ اجلاس میں وزیر تعلیم کو پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان کی سیاست منافقت کی طرف جا رہی ہے ان کو عوام کا کوئی درد نہیں ہے یہ شخص کرسی کی حوس اور لالچ میں ہر حد پار کر رہا ہے ۔ یہ صرف سوشل میڈیا کی بنا پر کھیل رہا ہے، ان کے پاس حقیقی عوامی طاقت نہیں ہے ۔ ۔ ان میں کوئی ایم آرڈی جیسی جدوجہد کرنے کی طاقت نہیں ، یہ کانسرٹ والی پارٹی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں شرجیل میمن نے لکھا کہ ملک میں سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی کے باعث ہم بلاول بھٹو کی سالگرہ نہیں منارہے اور نہ ہی اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی تقریبات منعقد کی جارہی ہیں۔