یو کرین میں ہر طرح کی فوجی طاقت کا استعمال صرف دھمکی نہیں ، پیوٹن ، 3 لاکھ ریز رو فوجی طلب کر لئے

22 ستمبر ، 2022

ماسکو ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے محاذ پر3لاکھ ریزرو فوجیوں کو طلب کرلیا ہے، انہوں نےیوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین میں ہر طرح کی فوجی طاقت کے استعمال کا ان کا وعدہ صرف خالی دھمکی نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ’نیوکلیئر بلیک میلنگ‘ میں مصروف ہیں لیکن انہیں یہ جاننا ہوگا کہ ہوا کا رخ ان کی طرف بھی مڑ سکتا ہے ، روس کے پاس جواب دینے کے لیے بہت سے ہتھیار موجود ہیں اور اس دعوے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی ممالک روس کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور یوکرین میں امن کے خواہشمند نہیں ہیں۔امریکا، برطانیہ، اور جرمنی نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے، چین نے اپنے ردعمل میں ’بات چیت اور مشاورت کے ذریعے جنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا ہے۔یوکرینی صدر ولودمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ صدر پوٹن جوہری ہتھیار استعمال کریں گے۔ جرمن چانسلر اولاف شلز نے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی بات کو ایک پریشان کن اور جنگی اقدام قرار دیا اور کہا کہ روس اس طرح جنگ نہیں جیت سکتا۔