رات گئے پیٹرول نرخ بڑھانے سے عوام پریشان، پمپس پر خریداروں کی تکرار

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد ( ایجنسیاں ) عوام نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رات گئے اضافے پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کم ہو رہی ہیں جبکہ حکومت نے رات گئے پٹرول بم دوبارہ گرا دیا ہے اور اس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے،پٹرول نرخ بڑھانے پر پمپس پر خریداروں اور ملازمین میں تکرار بھی ہوئی۔ٍیاد رہے کہ گزشتہ رات تقریبا دو بجے وزارت خزانہ کی جانب سے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا وفاقی حکومت نے پٹرول مہنگا ، مٹی کا تیل اور لائیٹ ڈیزل آئل سستا کر دیا ، وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت میں1.45 روپےفی لٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا، مٹی کے تیل کی قیمت میں 8.30روپے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4.26روپے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 237.43 روپے فی لٹر ہوگئی، ڈیزل کی قیمت 247.43 روپے فی لٹر برقرار رہے گی، مٹی تیل کی قیمت 202روپے 2پیسے فی لٹراور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28پیسے فی لٹرہوگئی ہے۔