کراچی کو پانی کی فراہمی کیلئے فائیو منصوبے پر بھی کام شروع، 50 ایم جی ڈی پانی حب ڈیم سے ملے گا

22 ستمبر ، 2022

کراچی(طاہر عزیز…اسٹاف رپورٹر) کے فور کے ساتھ کراچی کو پانی کی مزید فراہمی کے لئے واپڈا نے کے فائیو منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا 50 ایم جی ڈی پانی حب ڈیم سے لے کر شہر کے آخری سرے پر واقع ساحلی علاقوں تک پہنچایا جائے گاواضح رہے اس وقت حب ڈیم سے کراچی کو 100ایم جی ڈی اور بلوچستان کو 63 ایم جی ڈی پانی سپلائی کیا جا رہا ہے طے شدہ فارمولےدو حصے کراچی اور ایک حصہ بلوچستان کے مطابق 25 ایم جی ڈی کا اضافہ حب وغیرہ کے کوٹے میں بھی کیا جائے گا باخبر ذرائع کے مطابق واپڈا حکام نے پی سی ٹو(ابتدائی مرحلہ)تیار کر کے منظوری کے لئے وزارت پانی وآبی وسائل کو بھیج دی ہے یہ منظور ہوتے ہی منصوبے کی فزیبلٹی اور ڈیزائن کا کام شروع کر دیا جائے گا جس کے بعد دیگر مراحل پی سی ون کی منظوری اور کام شروع ہو جائے گاکے فائیو منصوبہ کراچی کی انتہائی قلت والی بلدیہ ٹاون، شیرشاہ، لیاری، کیماڑی، ڈیفنس کلفٹن اور دیگر ساحلی آبادیوں کیلئے بنایا جا رہا ہے دوسری جانب کے فور منصوبے کے تمام کمپونینٹ پر کام جاری ہے اور بیک وقت 8ٹھیکیدار کمپنیوں کو کام ایوارڈ کئے گئے ہیں 260ایم جی ڈی پانی کلری جھیل سے کراچی تک پہنچایاجائے گا جس میں کلری جھیل کے قریب دو پمپنگ اسٹیشن تین فلٹریشن پلانٹ،ان ٹیک اسٹرکچر، اسٹاف کیلئے رہائشی کالونی کی تعمیر شامل ہیں پانی 84 انچ قطر کی دو لائنوں کے ذریعے کلری سے شہر تک پہنچایا جائیگا کے فور منصوبے کی تکمیل کی مدت مارچ 2024 ہے۔