پاکستان مردہ باد کہنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، غیرقانونی افغانیوں کو کیمپوں تک محدود رکھا جائے، پی اے سی

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی افغان شہریوں کو کیمپوں تک محدود رکھا جائے،پاکستان مردہ باد کہنے والوں کیلئےیہاں کوئی جگہ نہیں،چیئرمین نے کہا یہاں جو دہشتگرد پکڑا جاتا ہے افغانی ہوتا ہے، کراچی میں سب سے زیادہ ڈکیتیوں میں ملوث افغانی ہیں، پشاور اور اسلام آباد میں بھی یہی حال ہے، غیر رجسٹرڈ افغانیوں کو واپس بھیجا جائے، کمیٹی نے دبئی سے ڈی پورٹ 380افغانیوں کی فہرست،5سال کے دوران نادرا سے بدعنوانی پر نکالے گئے تمام ملازمین کی تفصیلات طلب کرلیں،کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت ہوا جس میں اراکین افغان شہریوں کی پاکستان میں غیر قانونی موجودگی پر پھٹ پڑے ،چیئرمین نے کہا کہ افغان شہریوں کو کراچی جیسے شہر میں کھلا چھوڑا ہوا ہے ہر شہر میں افغانی بغیر دستاویزات کے پھر رہے ہیں حالانکہ ایران اور دیگر ممالک میں افغانیوں کیلئے میکنزم موجود ہے، پاکستان کی سڑکوں پر پاکستان کو گالیاں نکالی جارہی ہیں، پاکستان میں رہتے ہوئے پاکستان کیلئے مردہ باد کے نعرے لگائے جارہے ہیں امریکا جاکر امریکا مردہ باد کا نعرہ لگاکر دکھائیں،اب تو بغیر دستاویزی ہوئے افغانی بچے بھی پیدا کرلئے ہیں اور پاکستان کو پہلے سے آبادی کے مسائل کا سامنا ہے۔