سیلاب سے پاکستانی معیشت کیلئے خطرات، اقتصادی شرح نمو 3.5، مہنگائی 18 فیصد رہے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق رواں مالی سال 2022-23میں پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 3.5فیصد اور مہنگائی کی شرح 18فیصد رہنے کا امکان ہے، اگلے سال زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا ، خدمات اورریٹیل شعبہ کی نموپربھی اثرات مرتب ہوں گے،حالیہ بدترین سیلاب، مالیاتی اوربیرونی ادائیگیوں میں توازن کیلئے سخت اقدامات سے اقتصادی شرح نمو میں کمی آئے گی، اگلے سال زرعی اجناس کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جس کے خدمات اورریٹیل شعبہ کی نموپربھی اثرات مرتب ہوں گے، ایشیائی ترقیاتی بنک کی ایشیائی ڈویلپمنٹ آئوٹ لک رپورٹ کے مطابق مالی سال 2021-22یں 6فیصد اقتصادی شرح نمورہی ، مالی سال2022میں مقامی کھپت میں اضافہ،زراعت، خدمات اوربڑی صنعتوں کی پیداوارمیں نمایاں نموکی وجہ سے جی ڈی پی میں 6فیصداضافہ ممکن ہوا تاہم 2023میں ماحولیاتی رکاوٹوں،ڈبل ڈیجٹ افراط زر اورسخت مانیٹری ومالیاتی پالیسی کی وجہ سے پاکستان میں جی ڈی پی کی نموکی پیشنگوئی کوکم رکھاگیاہے۔