جاپان نے پاکستان کے 160؍ ملین ڈالرز کے قرضہ جات کی واپسی موخر کر دی

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان اور جاپان کے درمیان 160؍ ملین ڈالرز قرضے کی واپسی موخر کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ سہولت جی 20؍ کی جانب سے قرضوں کی واپسی معطل کرنے کے اقدام کے آخری مرحلے کے تحت دی جا رہی ہے۔ اس سے قبل دونوں حکومتوں کے درمیان 27؍ اپریل 2021ء کو 370؍ ملین ڈالرز کے قرضے کی واپسی کا موخر کرنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ مجموعی طور پر موخر کی جانے والی رقم 730؍ ملین ڈالرز ہو چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کورونا وبا اور حالیہ سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والی معیشت کو سہارا دینے میں مدد ملے گی۔ قرضے کی واپسی موخر کرنے کا اعلان اسلام آباد میں قائم جاپانی سفارت خانے کی جانب سے کیا گیا ہے۔ یہ قرضہ جات انفرا اسٹرکچر جیسا کہ سڑکوں، سرنگوں، پاور پلانٹس، گرڈ اسٹیشنز، ایری گیشن سسٹم، واٹر سپلائی اور ڈرینیج کی تعمیر کیلئے دیے گئے تھے۔ جاپان نے پاکستان کیلئے ایمرجنسی گرانٹ کیلئے 7؍ ملین ڈالرز دینے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کیلئے امدادی کام کیا جا سکے۔