برطانوی حکومت کا کاروبار دوست اقدام، بجلی و گیس کے کمرشل بلز نصف کر دیئے

22 ستمبر ، 2022

لندن (اے ایف پی)برطانوی حکومت کا کاروبار دوست اقدام ، بجلی و گیس کے کمرشل بلز نصف کردیئے ، برطانیہ میں حکومت کاروباری افراد کے نصف سے زائد بجلی اور گیس کے کمرشل بلز (توانائی کے اخراجات) ادا کرے گی، برطانوی حکومت نے بدھ کے روز سے اس منصوبے کا آغاز کردیا ہے جس کا اطلاق اکتوبر کے مہینے سے ہوگا۔ برطانوی وزیراعظم لز ٹرس کمپنیو کو توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثر ہونے سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ یہ خبر ایک ایسے موقع پر آئی ہے جب برطانیہ میں جمعے کے روز منی بجٹ کا اعلان ہونے جارہا ہے جس میں توقع کی جارہی ہے کہ برطانوی وزیرخزانہ کواسی کوارٹنگ کئی دہائیوں کی بدترین مہنگائی کا سامنا کرنے والے شہریوں کیلئے ٹیکس کٹوتیوں کا اعلان بھی کرینگے۔ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ توانائی کے سیکٹر کے علاوہ کاروباری افراد، خیراتی اداروں اور اسپتالوں کے بجلی اور گیس کے نرخ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں نصف تک محدود کئے جائیں گے۔ اس سے قبل برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے گھریلو صارفین کیلئے توانائی کی قیمتیں دو سال تک کیلئے برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ برطانوی وزیرخزانہ نے بدھ کے روز کہا کہ حکومت نے کاروباروں کو تباہی سے بچانے، نوکریاں محفوظ کرنے اور مہنگائی کو محدود کرنے کی غرض سے یہ اقدامات اٹھائے ہیں۔حکومت نے یہ اعلان جمعے کو مِنی بجٹ متعارف کروانے سے ایک دن پہلے کیا ہے جب وزیر خزانہ کواسی کوارٹینگ ممکنہ طور پر ٹیکسوں میں کمی کا اعلان کریں گے۔وزیر خزانہ کی کوشش ہے کہ بجٹ کے ذریعے معاشی ترقی کو فروغ دیا جائے جبکہ دوسری جانب ماہرین کے اندازے کے مطابق یوکرین جنگ کی وجہ سے تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں برطانیہ کے لیے معاشی بحران کا سبب بن سکتی ہیں۔برطانوی صنعتی اداروں کی ملکی تنظیم کنفیڈریشن آف برٹش انڈسٹریز (سی بی آئی) نے حکومت کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔