حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں کا شہریت ترک کرنے کا انکشاف

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انکشاف کیا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ حساس معلومات رکھنے والے 500 پاکستانیوں نے شہریت چھوڑ دی ہے، جس پر ان کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیرصدارت ہوا جہاں سرکاری اور نجی شعبوں سے وابستہ حساس معلومات رکھنے والے 500پاکستانیوں کی جانب سے ملکی شہریت ترک کرنے کا انکشاف ہوا۔پی اے سی میں نادرا میں کام کرنے والے 16افسران کی دوہری شہریت کا بھی انکشاف ہوا، جس پر کمیٹی نے وزارت قانون کو دوہری شہریت سے متعلق نیا بل لانے کی ہدایت کر دی۔اجلاس میں وزارت داخلہ کی آڈٹ رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس دوران افغان مہاجرین کے حوالے سے استفسار پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے بتایا کہ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن ایپلی کیشن فارم کے ساتھ ساتھ فنگر پرنٹس کا حصول شروع کر دیا گیا ہے۔