بزدل میں ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور وائے کا نام لے سکے، شرجیل میمن

22 ستمبر ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتا ہے کہ جہاں ان کی حکومت ہے وہ پاکستان ہے باقی پاکستان کا حصہ نہیں ، عمران خان کے پاس پاکستان کا جو نقشہ ہے اس میں سندھ اور بلوچستان شامل نہیں ، سیلاب متاثرین کے نام پر جھوٹی ٹیلی تھون اور چندا جمع کرنے کی جھوٹی مہم چلائی گئیں ، یہ صرف دکھاوے کے لئے کی گئیں ، بزدل شخص میں اتنی ہمت نہیں کہ مسٹر ایکس اور مسٹر وائے کا نام لے سکے ، اس کا پسینہ نکل جاتا ہے، یہ شخص اداروں اور ملک کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکا ہے۔ انہوں کہا کہ وہ چیف جسٹس پاکستان اور دیگر اداروں کو اپیل کرتے ہیں کہ اس شخص کی حرکتوں کا نوٹس لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہی کے باعث ہم بلاول بھٹو کی سالگرہ نہیں منائی اور نہ ہی کسی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔