پاکستان میں غذائی قلت و وبائی امراض سیلاب سے زیادہ مہلک، اقوام متحدہ

22 ستمبر ، 2022

جنیوا(این این آئی)عالمی ادارہ صحت کے بعد اب اقوام متحدہ نے بھی پاکستان میں سیلاب کے بعد دیگر آفات سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور غذائی قلت کے باعث سیلاب سے زیادہ مہلک ثابت ہوسکتی ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے کوآرڈی نیٹر جولین ہارنیس نے خبردار کیا کہ سیلاب کے بعد پاکستان کو مزید آفات کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور اسہال جیسی بیماریوں کے ساتھ غذائی قلت کی وجہ سے ہونے والی اموات سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہونگی۔جولین ہارنیس نے بتایا کہ ہماری اولین ترجیح صحت کے اس بحران سے نمٹنا ہے جو سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں زور پکڑ رہا ہے اور وہاں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں ، سیلاب کے باعث صحت کا نظام یہ بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں رہا ہے۔اسی طرح یونیسیف کے فیلڈ آپریشنز کے سربراہ اسکاٹ ہولری نے کہا کہ سیلاب میں 500 بچے جاں بحق ہوئے اور اب سیلاب کے بعد کے حالات کا سامنا ہے جس کیلئے ہم سیکڑوں نہیں بلکہ ہزاروں افراد کے زندگیوں کے بارے میں فکر مند ہیں۔