موسمیاتی تبدیلی، پاک امریکا تعاون، پاکستان میں انفرا اسٹرکچر کی تعمیر نو اور دیگر نوعیت کی مدد کیلئے تیار ہیں، خصوصی امریکی ایلچی

22 ستمبر ، 2022

نیویارک (اے پی پی ، جنگ نیوز) پاکستان اور امریکا نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تعاون پر اتفاق کیا ہے ، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اورامریکی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ سے نمٹنے اور توانائی کے شعبہ میں مذاکرات آگے بڑھانےپر اتفاق کیاگیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث تباہ کن سیلاب سے پاکستان کو شدید نقصان پہنچا ہے، پاکستان کو بدترین قدتی آفت کا سامنا ہے، تعمیر نو اور بحالی کیلئے عالمی برادری سے مسلسل تعاون کی ضرورت ہے ، اس موقع پر جان کیری نے بتایا کہ پاکستان میں انفراسٹرکچر کی تعمیر نو اور دیگر نوعیت کی مدد کیلئے تیار ہیں ، ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے بحران سے متعلق آگاہی پید اکرنے اور اس کے حل کیلئے جان کیری کی خدمات کو سراہااور کلائمیٹ چینج کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے امریکی حکومت کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچوں کی خوراک کی فراہمی کیلئے فوری مربوط کوششیں کریں، امدادی اشیاء کی ترسیل میں تیزی لائی جائے، متاثرہ علاقوں میں خوراک ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی کمی نہیں ہونی چاہئے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرین کو 25 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کا کام 10 دن میں مکمل کیا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت امدادی کارروائیوں کے حوالے سے آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، مختلف محکموں کے سربراہان نے آن لائن شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کوسیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں ، سیٹلائٹ اور مواصلات کے نظام کی بحالی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ریلوے ٹریکس کی بحالی کیلئے اقدامات جاری ہیں، مختلف علاقوں میں 48 ملین پیناڈول کی ڈوزز پکڑی گئی ہیں، مختلف ادویات کی خریداری کیلئے 10 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں، ادویات کے حوالے سے اہم اجلاس بدھ کو بلایا گیا ہے، احسن اقبال نے بتایا کہ اس اجلاس میں تمام متعلقہ فریقین کو بلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 30 ملین لوگوں کا روزگار ختم ہوگیا ہے، لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہو چکے ہیں، ان نقل مکانی کرنے والوں بچوں کی تعلیم کا حرج روکنے کیلئے غیر رسمی اسکولوں کو فعال بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔