کٹس لگانے سے پانی کم ہونے لگا، سڑک اور ریلوے ٹریک کو صاف کیا جائے ،کمانڈر 12کور

22 ستمبر ، 2022

کوئٹہ+جعفر آباد (پ ر+ خ ن ) کمانڈر12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ضلع جعفرآباد کے ضلع اوستہ محمد اور گنداخہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپوں کا دورہ کیا۔ ریلیف اور میڈیکل کیمپوں میں سیلاب متاثرین سے بات چیت کی۔دورے کے دوران کمانڈر کو امدادی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی اپ ڈیٹ کیا گیا۔ اس موقع پر میجر جنرل شہاب اسلم جی او سیچیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی، کمشنر نصیر آباد بشیر بنگلزئی اور ڈی جی ہیلتھ بلوچستان قاضی نور سمیت دیگر عسکری و سول حکام موجود تھے۔کمانڈر نے کہا کہ حال ہی میں خان پورڈیرہ اللہ یاراوستہ محمد شاہراہ کٹس لگانے سے پانی کم ہو رہا ہے تاکہ پانی میں ڈوبی سڑک اور ریلوے ٹریک کو صاف کیا جا سکے وہاں تحصیل سطح پر منتخب علاقوں جیسے بازار، سکولوں، ہسپتالوں کو سیراب کرنے کے لیے منصوبہ بند کوششیں کی جائیں۔ کھیل کے میدان اور DHQ الیکٹرک پمپ اور موٹروں کا استعمال کرتے ہوئے اس سے مقامی آبادی کی روزمرہ کی معمولات زندگی کی بحالی میں آسانی ہوگی۔ درایں اثناء چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر ضلع جعفرآباد پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور اوستہ محمد میں ایف سی کی جانب سے قائم کردہ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اس موقع پر بریگیڈیئر یاسر نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں کے حوالے سے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت کیمپ میں 636 سیلاب متاثرین رہائش پذیر ہیں جنہیں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، انہوں نے ڈویژن بھر میں قائم کردہ دیگر کیمپس میں دی جانے والی امداد اور ریلیف سے متعلق بھی آگاہ کیا اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو بتایا کہ پنجرہ پل کے مقام پر بھی راستے کو عارضی طور پر راستہ بحال کیا گیا ہے اور چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت جاری ہے گزشتہ دو مہینوں کے دوران نصیرآباد ڈویژن میں محکمہ صحت کی جانب سے 265 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ متاثرہ اضلاع میں ٹینٹ سٹی بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی جاری ہے کمشنر نصیر آباد ڈویژن نے مزید بتایا کہ ضلع صحبت پور اور ڈیرہ اللہ یار سمیت ریلوے ٹریک سے پانی نکالنے کے لیے کٹ لگائے گئے ہیں جس سے سیلابی پانی کا اخراج ممکن ہورہا ہے اور پانی کا دباؤ بھی کم ہو رہا ہے، 72 گھنٹوں کے لیے یہ کٹس لگائے تھے لیکن پانی کے مکمل اخراج کے لیے مزید دو دن درکار ہیں پیدل اور موٹر سائیکل سواروں کی آمدورفت کی بحالی کے لیے عارضی طور پر پل بھی بنایا گیا ہے، اس موقع پر ایس ای ایریگیشن عبدالحمید مینگل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جو کٹس لگائے گئے ہیں ان کٹس سے ضلع صحبت پور ڈیرہ اللہ یار شہر ریلوے ٹریک سے پانی کی سطح میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے مگر پانی کا اخراج بہت کم ہے ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پانی کے بہاؤ کو تیز کیا جائے اور روڈ نیٹ ورک بحال کیا جائے اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نور احمد قاضی نے بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں محکمہ صحت کی جانب سے 640 میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے جہاں پر 66 ڈاکٹرز اپنے خدمات انجام دے رہے ہیں اس وقت ملیریا کی وباء میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ہمیں ملیریا کٹس اور ادویات کی اشد ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ضروری ادویات کی فراہمی کے حوالے سے ڈی جی ہیلتھ سندھ سے بھی رابطہ کیا گیا ہے جنہوں نے ہمیں ضرورت پڑنے پر ادویات کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ این جی اوز بھی سیلاب متاثرین کو طبی امداد کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام توجہ سیلاب متاثرین کی امداد پر مرکوز رکھیں اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں کیمپس میں بیٹھے سیلاب متاثرین کے گھروں کا جائزہ لیا جائے اگر سیلابی پانی کا اخراج ہوگیا ہے تو انہیں اپنے گھروں میں دوبارہ آباد کیا جائے اور لوگوں کا سیلاب سے جو نقصان ہوا ہے اس کے لیے سروے کے عمل کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے انہوں نے کہا کہ مشینری کے ذریعے بالترتیب ہسپتالوں سرکاری دفاترز سکولوں تجارتی مراکز اور لوگوں کے گھروں سے پانی کے نکالنے کے عمل کو مزید تیز کیا جائے آفیسران کی زیادہ تعداد مقامی ہیں جو بہتر حکمت عملی ترتیب دے کر پانی کے اخراج میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کیمپ میں قائم کئے گئے سکول کا دورہ بھی کیا اور بچوں سے بات چیت کی بعد ازاں انہوں نے سیلاب متاثرین کیمپ میں دی جانے والی سہولیات اور اپنے گھروں کو واپسی سے متعلق بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری اورنگزیب بادینی ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ محمد افضال پی سی ای پی آئی ڈاکٹر اختر بلیدی ڈی ایچ او ڈاکٹر سلیم جمالی ڈی اور ایس ایم بابر جمالی بھی موجود تھے۔