اسد عمر کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس پر ای سی پی کو جواب کیلئے مہلت

22 ستمبر ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) سندھ ہائی کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف اسد عمر کی درخواست پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جواب کیلئے مہلت دیدی۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف اسد عمر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس پر الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلہ کرنے سے روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کردی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کارروائی جاری رکھنے اور عدالتی فیصلہ تک حتمی حکم جاری نہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 10 غیر آئینی ہے۔ الیکشن کمیشن عدالت یا ٹریبونل نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 204 کا اطلاق الیکشن کمیشن پر نہیں ہوتا۔ الیکشن کمیشن کا 19اگست کو جاری کیا گیا شوکاز نوٹس غیر قانونی ہے۔ جب تک درخواست پر فیصلہ نہیں ہوجاتا الیکشن کمیشن کا شوکاز نوٹس معطل کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کو درخواست گزار کیخلاف کارروائی سے بھی روکا جائے۔