ملکہ کے تابوت سے شاہی جھنڈا اتارنے کی کوشش پر شہری گرفتار

22 ستمبر ، 2022

لندن(این این آئی)ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت پر لگے شاہی جھنڈے کو پکڑنے کے الزام میں زیر حراست شخص کو لندن کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں بتایا گیا کہ ملزم خود چیک کرنا چاہتا تھا کہ کیا ملکہ واقعی مر چکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 28 سالہ  ایم خان جمعہ کی رات مبینہ طور پر ملکہ کے تابوت تک پہنچا اور اس پر لگے رائل اسٹینڈرڈ کو پکڑ لیا۔ملزم کو گرفتار کرکے منگل کے روز ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس پر 2 پبلک آرڈر کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔پراسیکیوٹر لیوک اسٹیٹن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ویسٹ منسٹر ہال پہنچا جہاں موجود افسران نے اسے تابوت کے قریب جاتے ہوئے دیکھا۔دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم تابوت کی جانب بڑھا اور دونوں ہاتھوں سے تابوت پر لپٹے ہوئے رائل اسٹینڈرڈ پرچم کو پکڑ لیا، موقع پر موجود افسران نے  خان کو فوری طور پر حراست میں لے کر گرفتار کیا ۔