لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کردیئے

22 ستمبر ، 2022

راولپنڈی (پی پی آ ئی)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس معطل کر دیے ہیں،شوکاز نوٹس کے معاملے پر لارجر بینچ سماعت کریگا اور درخواستوں پر سماعت 29 ستمبر کو ہو گی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس کے خلاف عمران خان اور فواد چوہدری کی درخواستوں پر سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے کی۔چئیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اطلاعات کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ توہین عدالت کا اختیار الیکشن کمیشن کو نہیں ہے۔ بینچ نے عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کمیشن کے شوکاز معطل کرتے کہا کہ شوکاز نوٹس کے معاملے پر لارجر بینچ سماعت کریگا اور درخواستوں پر سماعت 29 ستمبر کو ہو گی۔