انگلینڈ میں اتنا مہنگا پیٹرول ،برازیل کے صدر حیرت زدہ ہو گئے

22 ستمبر ، 2022

لندن(صباح نیوز) ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کرنے والے برازیل کے صدر انگلینڈ میں پیٹرول کی قیمت دیکھ کر حیرت زدہ ہو گئے۔ برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے لندن میں پیٹرول کی قیمت دیکھ کر پیٹرول پمپ پر ویڈیو بنا کر پوسٹ کر دی۔ برازیلی صدر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں اتنا مہنگا پیٹرول ہے، انگلینڈ سے آدھی قیمت پر پیٹرول برازیل میں مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برازیل میں دنیا کا سب سے سستا پیٹرول دستیاب ہے۔ ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کے موقع پر ویڈیو بنانے پر برازیلی صدر پر خوب تنقید ہو رہی ہے۔ اتوار کو برازیل کے سفارت خانے کی بالکونی سے حامیوں سے خطاب کے دوران برازیلی صدر نے ملکہ برطانیہ کے حوالے سے چند سیکنڈ بات کی اور پھر انتخابات پر تقریر شروع کر دی۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ویڈیو بنانے کا مقصد بھی الیکشن مہم کا حصہ ہو سکتا ہے۔