گورونانک جنم دن تقریبات،سکھ یاتری6نومبر کو پاکستان پہنچیں گے

22 ستمبر ، 2022

لاہور (اے پی پی) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے 533ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے لاہور میں گزشتہ روز انتظامی اجلاس منعقد ہواجس کی صدارت چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم،ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز سیف اللہ کھوکھر، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ، سینئر میڈیکل آفیسر بورڈ ڈاکٹر تنویر مشتاق،ترجمان عامر ہاشمی، سیکورٹی انچارج بورڈچوہدری عاصم،پاکستان ریلویز، پیپکو، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، لیسکو، سمیت رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اورضلعی حکومتوں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔دوران اجلاس6نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں سمیت دینا بھر سے آنے والے نانک نام لیوائوں کو ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں مختلف معاملات زیر بحث آئے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز سیف اللہ کھوکھر نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت سے 3ہزار ،پاکستان بھر سے 12سے14ہزار سکھ یاتریوں کے علاوہ دیگر ممالک سے 5ہزار سکھ یاتری گورونانک دیو جی کی جنم کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے بتایا کہ بھارتی سکھ یاتریوں کا واہگہ چیک پوسٹ پر استقبال کیا جائے گا، یاتریوں کو اپنی مذہبی عبادگاہوں پر جانے کے لئے 10یوم کا ویزہ جاری ہو گا۔ انتظامی اجلاس کے دوران چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی نے تمام اداروں کوان کے امور سے آگاہ کرنے کے حوالے سے مختلف حوالوں سے گائیڈ لائنز بھی کیں۔