توہین عدالت کیس،اسلام آباد ہائیکورٹ آج عمران خان پر فرد جرم عائد کریگی

22 ستمبر ، 2022

اسلام آباد (خبر نگار) ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد زیبا چوہدری کو دھمکانے پر توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سابق وزیر اعظم عمران خان پر آج فرد جرم عائد کریگی، چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ دن اڑھائی بجے سماعت کریگا ، ضابطہ اخلاق جاری،کیس کی سماعت کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے سرکلر کے مطابق چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ آج دن اڑھائی بجے کیس کی سماعت کریگا، کمرہ عدالت نمبر ایک میں داخلہ رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہو گا، عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلاء ، اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لا ءافسران ، تین عدالتی معاونین اور 15کورٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں آنے کی اجازت ہو گی، سرکلرمیں یہ بتایاگیا ہے کہ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے پانچ پانچ وکلا ءکو بھی عدالتی کارروائی دیکھنے کی اجازت ہو گی، کمرہ عدالت میں آنیوالوں کے اسلام آباد ہائیکورٹ کا رجسٹرار آفس پاس جاری کریگا، عدالتی ڈیکورم کو برقرار رکھنے کیلئے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سیکورٹی انتظامات کریگی۔